کراچی کنگز کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے کہا ہے کہ ہمیں بیٹنگ میں ذمے داری لینا ہو گی، ہمیں کوئٹہ کے خلاف میچ جیتنا چاہیے تھا، اچھا ٹوٹل تھا۔
کراچی کنگز کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے فیلڈنگ اور بولنگ اچھی کی، بولرز نے عمدہ بولنگ کی اور ہم ان سے خوش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اسٹار کھلاڑی ذمے داری لیں تو آسانی ہو جاتی ہے، حسن علی اپنے اعتماد کو بلند رکھتا ہے، اس سے بہت خوش ہوں، میچ ہارنے سے مایوسی ہوئی، بیٹنگ میں ذمے داری لینا ہو گی۔
کراچی کنگز کے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے موسم کی وجہ سے لو اسکورنگ میچ ہو رہے ہوں، میں کنڈیشنز کا ماہر نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی خوبی یہ ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ سامنے آتا ہے، فواد علی اچھا بولر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے ہرادیا تھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 143 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناسکی، ابرار احمد کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
View this post on Instagram
ٹم سائفرٹ کی 47 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، جیمز ونس 30 رنز بنا سکے، کپتان ڈیوڈ وارنر 4 رنز بنا کر محمد عامر کا نشانہ بنے۔
شان مسعود 9 اور عمر بن یوسف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 4 اور خوشدل شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر، خرم شہزاد اور وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد نے چار اوور میں 15 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 19.3 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا۔
فہیم اشرف 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل مینڈس 36 اور حسن نواز 35 رنز بناسکے۔ سعود شکیل 6، فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، رائلی روسو 6 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔
سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ کی بلندیوں تک پہنچانے میں کس کا ہاتھ ہے؟
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عباس آفریدی اور میر حمزہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔