ہفتہ, اپریل 26, 2025
اشتہار

بھارت نے پانی روکا تو ہماری ائیر فورس تیار ہے، فیاض الحسن چوہان

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: پنجاب کے سابق وزیر فیاض الحسن چوہان نے پاکستان کا پانی روکنے کی صورت میں بھارت کو متنبہ کر دیا۔

فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت نے کوئی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، نریندر مودی مڈٹرم الیکشن جیتنے کیلیے خطے کو جنگ میں جھونک رہا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ خطے کو تعمیر و ترقی کی طرف لے جایا جائے، بھارت نے پانی روکا تو ہماری ائیر فورس تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ پی ٹی آئی نے موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات کو ترجیح نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

گزشتہ روز پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنگ کے مترادف قرار دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے معطل کیا، بھارتی رویے سے خطے کے امن کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

شفقت علی خان نے کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو مسترد کرتے ہیں، یہ معاہدہ عالمی بینک کی ثالثی میں ہوا تھا جسے بھارت یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پانی کی معطلی کا اقدام جنگ کے مترادف ہے، سیکریٹری خارجہ نے معاہدے پر اپنا مؤقف دے دیا ہے، بھارت نے معاہدے پر اپنی پوزیشن سے آگاہ کیا ہے، ہم معاہدے پر اپنی پالیسی کا اعادہ کرتے ہیں، معاہدہ 250 ملین افراد کی زندگی کا معاملہ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر ہر قسم کی آمدورفت کیلیے بند کر دی گئی، سارک اسکیم کے تحت بھارتیوں کے تمام ویزے منسوخ کر دیے گئے، سکھ یاتری ویزہ معطلی سے مستثنیٰ ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم کر کے 30 کر دی گئی، پاکستان کی فضائی حدود بھارتی پروازوں کیلیے بند کر دی گئی۔

’بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط فوری طور پر معطل کیے جاتے ہیں۔ پاکستان اور مسلح افواج اپنی خود مختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کیلیے تیار ہیں۔ کل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی قیادت نے بھارت کو جواب دیا۔‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں