اتوار, اپریل 27, 2025
اشتہار

وکلا برادری اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وکلا برادری اور میڈیا کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے میڈیا و بار کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی۔

یہ کمیٹی سیکریٹری بار ایسوسی ایشن منظور ججہ ایڈووکیٹ کی نگرانی اور رہنمائی میں تشکیل دی گئی ہے، ہائیکورٹ بار کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی کا مقصد مؤثر ابلاغ، شفافیت، اور ذمہ دار قانونی رپورٹنگ کو فروغ دینا ہے۔

ہائیکورٹ بار کی سابق فنانس سیکریٹری فرح حسن کمیٹی کی چیئرپرسن مقرر کی گئی ہیں، سیدہ ردا ای بتول ایڈووکیٹ اور نایاب سحر ایڈووکیٹ کمیٹی کی رکن ہوں گی، اس کوارڈینیشن کمیٹی کے قیام کا مقصد عدلیہ کے نمائندوں اور میڈیا کے درمیان پل بنانا ہے۔

ہائیکورٹ بار کے مطابق کمیٹی کا مقصد یہ ہے کہ عدالتی کارروائیوں اور قانونی پیش رفتوں کی درست اور اخلاقی بنیاد پر ترسیل یقینی بنائی جا سکے، سیکریٹری منظور ججہ نے کہا کہ اس کمیٹی کا قیام بار ایسوسی ایشن کی شفافیت، میڈیا کی آزادی اور عدالتی عمل کی ساکھ کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ہائیکورٹ بار نے اس سلسلے میں ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی کابینہ اور ممبران کو تعارفی اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت دی، کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس گزشتہ روز سیکریٹری جنرل کے دفتر، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید حسین واجد گیلانی نے کی، اجلاس میں سیکریٹری ہائیکورٹ بار منظور احمد ججہ اور نائب صدر افتخار باجوہ سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

سیکریٹری ہائیکورٹ بار نے بتایا کہ اس اجلاس کا مقصد بار اور میڈیا کے درمیان باہمی تعاون اور رابطے کے مؤثر نظام پر بات چیت کرنا تھا، جس میں کمیٹی کے اراکین کا تعارف، اس کے اغراض و مقاصد کو واضح کرنا تھا، انھوں نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مستقبل میں میڈیا سے مؤثر رابطے کی توقع رکھتی ہے۔

اجلاس میں ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر حسین احمد چوہدری اور جنرل سیکریٹری راجہ شہزاد علی و دیگر نے شرکت کی، تعارفی اجلاس میں سینئیر نائب صدر بلال شیخ، نائب صدر رؤف بزمی، جوائنٹ سیکریٹری امبرین علی، سابق صدور اسد ملک، ثاقب بشیر، اویس یوسفزئی، سابق سیکریٹری ذیشان سید، سیکریٹری اطلاعات عون رضا، ممبران ادریس عباسی، ابراہیم عباسی و دیگر بھی شریک ہوئے۔

اہم ترین

مزید خبریں