اوٹاوا: کینیڈا میں وفاقی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی، جو مختلف شہروں میں کسی تعطل کے بغیر 12 گھنٹے تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج پیر کو کینیڈا میں الیکشن کے لیے پولنگ ہوگی، اور ایک نئی حکومت کا انتخاب کیا جائے گا، پولنگ کے ابتدائی نتائج شام 7 بجے کے بعد سامنے آئیں گے، زیادہ تر نتائج رات 9:30 بجے تک جاری ہو جائیں گے۔
تازہ سروے اور پولز لبرل پارٹی کی جیت کی نشان دہی کر رہے ہیں، جو 343 کے ایوان میں 162 تا 204 نشستیں لے کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ جائے گی۔
وفاقی انتخابات میں پیشگی ووٹنگ کے دوران 7.3 ملین افراد ووٹ ڈال چکے ہیں، وفاقی انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
ویڈیو: نیویارک میں یہودیوں نے خاتون کو گھیر لیا، فلسطینیوں کیخلاف نعرے
مارک کارنی کے لبرلز پیئر پوئیلیور کے قدامت پسندوں کے خلاف اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرتے جا رہے ہیں، مارک جوزف کارنی کینیڈا کے سیاست دان اور ماہر اقتصادیات ہیں، وہ 2025 سے کینیڈا کے 24 ویں وزیر اعظم اور کینیڈا کی لبرل پارٹی کے رہنما ہیں۔ جب کہ پیئر مارسیل پوئیلیور 2022 سے اپوزیشن کے رہنما اور کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا کے رہنما کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکمران سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی سربراہی میں 2015 سے حکومت میں ہیں، اور یہ کنزرویٹوز 2023 سے انتخابات میں دوہرے ہندسے کے مارجن سے سبقت حاصل کرتے آ رہے ہیں، تاہم جب ٹروڈو نے جنوری میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، اور امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالا، تب سے رائے عامہ کے جائزوں میں لبرلز مقبولیت حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔