بھارت کی گیدڑ بھپکیوں پرپاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار کر دی، طنزیہ ویڈیوز اور دلچسپ تبصروں کا سیلاب آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پہل گام حملےکے بعد بھارت کی پاکستان مخالف مہم کو جہاں حکومتی سطح پر سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، وہیں پاکستانی عوام نے ان اقدامات کو بالکل سنجیدہ نہ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر طنزیہ اور مزاحیہ میمز کی بھرمار کر دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے کہ ایکس، فیس بک پر بھارت کے جھوٹے دعوؤں اور اقدامات کو لے کر میمز، طنزیہ ویڈیوز اور دلچسپ تبصروں کا سیلاب آگیا۔
فیس بک پر ذیشان نامی ایک صارف نے لکھا کہ’ اتنی گرمی میں لوگ ولیمہ نہیں رکھتے، بھارت نے جنگ رکھ لی ہے۔’
دوسرے صارف نے کہا ‘جو 50 ایکڑ زمین میرے دادا جی بھارت میں چھوڑ آئے تھے اب اسے واپس لینے کا وقت آگیا ہے۔’
ایک اور صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ ہماری شادی کی عمر قریب آنے لگی تو جنگ کا چکر چل گیا۔’
ایک صارف نے کہا "بھارت پانی کھول دو مجھے فریج میں پانی کی بوتلیں بھر کر رکھنی ہیں۔’
ایک صارف نے لکھا ۔۔ بھارت کو پیغام دیا کہ ‘جنگ کرنی ہو تو 9 بجے سے پہلے کرلینا ، سوا 9 بجے گیس چلی جاتی ہے۔’
ایک صارف نے ابھی نندن کی تصویر پر لکھا۔۔ ‘بھارت پانی کھول دو۔۔۔ چائے بنانی ہے۔’