پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کے کپتان مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو مسلسل دو بار آؤٹ کرنے والے محمد عامر نے ان کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے۔
پی ایس ایل 10 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈیئٹر نے پشاور زلمی کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں کوئٹہ کے محمد عامر نے پشاور کے کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد منفرد جشن منایا اور جارحانہ انداز بھی اختیار کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں عامر نے گفتگو کرتے ہوئے کہ میدان میں کسی سے لڑائی نہیں ہوتی۔ تاہم جارحانہ انداز ضرور اختیار کیا جاتا ہے اور یہی فاسٹ بولنگ کی خوبصورتی ہے۔ فیلڈ میں جارحانہ انداز دیکھ کر فینز بھی انجوائے کرتے ہیں۔
بابر اعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم بہت بڑے کھلاڑی ہیں مگر میں ان کے خلاف پلان بنا کر آتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ میں میرا پورا فوکس اپنی بولنگ پر ہوتا ہے۔ میں یہ نہیں دیکھتا کہ سامنے کون سا بلے باز ہے بلکہ پچ کو ریڈ کرتا ہوں اور کنڈیشن کے مطابق بولنگ کرتا ہوں۔ اس لیے کامیابی کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔
محمد عامر نے کہا کہ پہلا پلان یہی تھا کہ اگر نیا بال سوئنگ ہو رہا ہو تو اس کا جتنا فائدہ اٹھا سکتا ہوں، اٹھاؤں۔ پھر چاہے سامنے بابر ہوں یا صائم کیونکہ دونوں کی پشاور کی بیک بون ہیں۔ میں نے ٹارگیٹ کے مطابق بولنگ کی اور کامیابی ملی اور اگر مجھے کامیابی مل رہی ہے تو ملنے دیں۔
سابق قومی فاسٹ بولر نے نوجوان بولرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑی کو ہر فن مولا ہونا چاہیے۔ اس لیے نئے بولرز بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ اور بیٹنگ پر بھی توجہ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میچ میں محمد عامر پشاور کے کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کے بعد دوڑتے ہوئے اپنی ٹیم کوئٹہ کے ڈگ آئوٹ کی طرف بھاگے اور پشپا کے اسٹائل میں جشن منایا تھا۔