آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے میچ کے دوران جسپریت بمراہ کے بیٹے انگد کو ٹرول کرنے پر اہلیہ میمز بنانے والوں پر برس پڑیں۔
آئی پی ایل 2025 میں گزشتہ روز ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو شکست دی، بمراہ گیم چینجر ثابت ہوئے اور میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ممبئی انڈینز کی کامیابی پر شائقین پرجوش تھے اور اسٹیڈیم میں بمراہ کے ننھے بیٹے انگد کی جھلک بھی دکھائی دی۔تاہم انگد کی تین سیکنڈ کی جھلک کے بعد سوشل میڈیا پر میمز بنیں جس کے بعد اہلیہ سنجنا غصے میں آگئیں۔
سنجنا نے میچ میں اپنے بیٹے کی شکل کو تفریح موضوع میں تبدیل کرنے پر سوشل میڈیا ٹرولرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ ’جسپریت اور میں انگد کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کیونکہ یہ حقیر، گھٹیا جگہ ہے اور میں بچے کو کیمروں سے بھرے کرکٹ اسٹیڈیم میں لانے کے مضمرات کو پوری طرح سمجھتی ہوں لیکن براہ کرم یہ سمجھیں کہ انگد اور میں وہاں شوہر کی حمایت کے لیے موجود تھے اور کچھ نہیں۔‘
سنجنا نے کہا کہ ’ہمیں بیٹے کے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والے مواد میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، غیر ضروری طور پر رائے دینے والے یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ انگد کون ہے؟ اس کا مسئلہ کیا ہے، اس کی شخصٰت کیا ہے۔‘
جسپریت بمراہ کی اہلیہ نے لکھا کہ انگد کی عمر ڈیڑھ سال ہے ایک بچے کے حوالے سے صدمے اور افسردگی جیسے الفاظ استعمال کرنا بہت کچھ کہتا ہے کہ ہم ایک کمیونٹٰی کے طور پر کون بن رہے ہیں اور یہ واقعی افسوسناک ہے۔