منگل, اپریل 29, 2025
اشتہار

دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوج کھڑی، جنگ کا خطرہ موجود ہے، وزیر دفاع

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی فوج سرحدوں پر کھڑی ہے اور جنگ کا خطرہ موجود ہے مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوج کھڑی اور جنگ کا خطرہ موجود ہے۔ ہم جنگ کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں اور تینوں مسلح افواج ملک کے دفاع کیلیے تیار کھڑی ہیں۔ اگر مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جنگی جنون اور موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو تین روز میں جنگ چھڑ جانے کے بیان کی وضاحت کر دی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک انٹرویو میں مجھ سےجنگ سے متعلق سوال ہوا تھا جس کے جواب میں کہا تھا کہ جنگ سے متعلق دو تین دن اہم ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے میں نے جنگ چھڑ جانےکی بات نہیں کی تھی بلکہ کہا تھا کہ آئندہ دو سے تین روز اہم ہیں لیکن میرے بیان کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوج کھڑی ہے۔ خطے پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور جنگ کا خطرہ بہرحال موجود ہے۔ تاہم ہر صورتحال کے لیے ہم ذہنی طور پر تیار ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تینوں مسلح افواج ملک کے دفاع کیلیے تیار کھڑی ہیں۔ ہم پر اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہماری جغرافیائی سرحدوں کو کراس کیا گیا تو بھرپور جواب دیں گے اور کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش پر بھارت کی جانب سےکوئی جواب نہیں ملا ہے۔ عالمی برادری کو یقین ہو گیا ہے کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعہ کا کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے۔ اس واقعہ کے بعد پاکستان پر لگائے جانے والے جھوٹے الزامات کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں