منگل, اپریل 29, 2025
اشتہار

رواں سال مہنگائی کی شرح کتنی رہے گی؟ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں عمومی مہنگائی میں کمی آئی ہے جبکہ رواں سال مہنگائی کی شرح زیادہ سے زیادہ 7.5فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور مہنگائی کی شرح کے حوالے سے ششماہی رپورٹ جاری کر دی۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس سرپلس ہوگیا اور مالی سال 2025 میں معاشی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

جولائی تا دسمبر پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے، مہنگائی تیزی سے کم ہوئی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری، متوازن زری پالیسی اور بین الاقوامی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں کمی نے معیشت پر مثبت اثر ڈالا۔

رپورٹ کے مطابق ریٹنگ ایجنسیوں کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ملک کے معاشی ماحول میں بہتری کا اعتراف ہے، مارچ 2025 تک مہنگائی کئی دہائیوں کی کم ترین سطح صفر اعشاریہ سات فیصد پر آگئی۔

برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کی وجہ بنا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے پہلی قسط کی فراہمی سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے میں مدد ملی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں اوسط مہنگائی 5.5 سے 7.5 فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔ اور رواں مالی سال حقیقی جی ڈی پی نمو 2.5 سے 3.5 فیصد ہی رہنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں : نئی مانیٹری پالیسی، شرح سود میں کمی کا امکان

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 5 مئی 2025 کو ہوگا، جس میں شرح سود میں کمی کی توقع ہے، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

ٹاپ لائن ریسرچ نے مانیٹری پالیسی پر مارکیٹ سروے جاری کردیا ہے، جس کے مطابق مارکیٹ سروے میں 69 فیصد کی رائے میں شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کمی کی توقع ہے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں