سکھر: سندھ وکلا ایکشن کمیٹی نے ببرلو بائی پاس کے سوا دیگر تمام دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سرفراز میتلو نے کہا ہے کہ کینال منصوبے کا خاتمہ سب کی کامیابی ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، اور تمام ساتھی تنظیموں کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔
انھوں نے کہا آج 12 بجے دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں ببرلو دھرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، وکلا کی 11 رکنی کمیٹی آج سندہ حکومت سے بات چیت کرے گی، ببرلو کے سوا تمام دھرنے ختم کر دیے ہیں۔
سندھ وکلا ایکشن کمیٹی کے فوکل پرسن رحمان کورائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا پہلا اور اہم مطالبہ منظور ہو چکا، اب وفاق سے معاملہ حل ہو چکا ہے، اب کارپوریٹ فارمنگ پر سندھ حکومت سے بات چیت ہوگی۔
بڑی خبر: کینالز منصوبہ ختم، سی سی آئی نے نہروں سے متعلق ایکنک کا فیصلہ مسترد کر دیا
انھوں نے کہا دھرنا ختم کرنے یا جاری رکھنے کے حوالے سے اجلاس جاری ہے، جلد فیصلہ ہوگا، مذاکرات کے لیے پہلی شرط نوٹیفکیشن تھی جو اب جاری ہو چکا، نوٹیفکیشن کے بعد مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہو چکا ہے۔
قبل ازیں، سندہ حکومت کے وفد نے ببرلو میں دھرنے دینے والے وکلا رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے کینال منصوبے کی منسوخی کا نوٹیفکیشن حوالے کیا، کمیل حیدر شاہ نے کہا ہم چولستان کینال منصوبے کے خاتمے کا نوٹیفکیشن لے کر آئے ہیں۔