اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ہے۔
محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین ایشو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے سربراہ جے یو آئی (ف) کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نریندر مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت پانی روکے گا تو پھر پاکستان جنگ کے لیے تیار ہے، محسن نقوی
محسن نقوی نے بتایا کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔
وزیر داخلہ نے سربراہ جے یو آئی (ف) کی خیریت دریافت کی اور صحت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چند روز قبل محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریف کیا تھا جسے آصف علی زرداری نے بروقت، فوری اور دور اندیش قومی اقدامات قرار دیتے ہوئے سراہا تھا۔
آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں، کمیٹی نے پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی، قوم فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان کا دفاع الحمدللہ ناقابل تسخیر ہے۔