بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فوجی اور دہشت گرد کی آڈیو جاری کردی

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینٹ میجر احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردوں کو آپریٹ کرتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ میجر احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے اور دہشت گردوں کو آپریٹ کرتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کو 7 دن ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت نہیں پیش کیےگئے، سات دن ہو گئے ہیں اور وہاں صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے، ہم آپ کے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل ثبوت پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کو جہلم بس اسٹینڈ کے قریب سے بھارتی تربیت یافتہ عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا جس سے ایک ڈرون، آئی ای ڈی اور 25 ہزار روپے ملے، اس کے گھر سے بھارتی ڈرون بھی برآمد کیا گیا اور 10 لاکھ مزید برآمد ہوئے، اس کے فون سے بھارت میں ہونے والی چیٹ بھی پکڑی گئی، مزید فرانزک جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گرفتار عبدالمجید کا ہینڈلر بھارت میں موجود ہے جو صوبیدار سکھوندر ہے، سکھوندر نے دہشت گرد کو بارودی مواد حاصل کرنے کے لیے لوکیشن بھیجی، بھارت معصوم شہریوں اور فوج پر حملوں کے لیے دہشت گردوں کو بارودی مواد فراہم کررہا ہے۔

لیفٹینٹ میجر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی ہینڈلر دہشت گردوں کو کہہ رہے ہیں ہمیں بڑی تعداد میں لاشیں چاہئیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ ایسی کارروائی کرو کہ میڈیا پر دہشت گردی کی خبریں چلیں۔

انہوں نے کہا کہ پکڑے جانے والے دہشت گرد عبدالمجید نے پاکستان میں 47 کارروائیاں کیں، میجر سندیپ نے دہشت گرد مجید کو بارودی مواد استعمال کرنے کا طریقہ بھی بتایا، بھارتی آرمی کے حاضر سروس افسران دہشت گردی میں ملوث ہیں، میجر سندیپ کسی اور شخص کے ذریعے آئی ای ڈی ڈراپ کرکے مجید کو لوکیشن بھیجتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مجید آئی ای ڈی کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بناتا ہے جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے، حملے کے بعد مجید کو میجر سندیپ کی جانب سے ٹکڑوں میں ایک لاکھ 80 ہزار ٹرانسفر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میجر سندیپ ڈرون کے ذریعے مجید کو آئی ای ڈی بھجواتا ہے لیکن ڈرون تکنیکی طور پر گرجاتا ہے، مجید کے گھر سے برآمد ہونے والا ڈرون وہی ہے جس کے ذریعے آئی ای سی بھجوائی جاتی تھیں۔

لیفٹینٹ میجر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ میجر سندیپ ڈرون کے ذریعے مزید آئی ای ڈی بھجواتا ہے لیکن وہ انہیں ریسیو نہیں کرپاتا، وہ جب آئی ای ڈی کی لوکیشن پر پہنچتا ہے تو وہاں سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں موجود ہوتی ہیں پھر وہ فوٹیج میجر کو بھجواتا ہے اور پوچھتا ہے اب کیا کرے، اتفاق سے لوکیشن والی جگہ سے اسکول کے بچے گزر رہے ہوتے ہیں جو بیگز کی نشاندہی کرتے ہیں بیگز سے فورسز 5 آئی ای ڈی برآمد کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میجر سندیپ کو مجید آگاہی دیتا ہے تو بھارتی گودی میڈیا فوری واویلا شروع کردیتا ہے، بھارتی میڈیا پر خبریں چلائی جاتی ہیں کہ ایل او سی پر دہشت گردی کی جارہی ہے اور فوری پاکستان پر الزامات لگانا شروع کردیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی افسران دہشت گردوں کوہدایات دیتے ہیں کہ بلوچستان سے لاہور تک انہیں لاشیں چاہئیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے خوراج پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، پاک فوج کی جانب سے بھرپور کارروائی میں 71 خوارج کو جہنم واصل کردیاجاتا ہے، یہ ایسے ثبوت ہیں جنہیں جھٹلایا نہیں جاسکتا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں