بدھ, اپریل 30, 2025
اشتہار

40 سال بعد پاکستان آنے والی بھارتی خاتون اچانک واپس جانے پر آبدیدہ

اشتہار

حیرت انگیز

40سال بعد بھائی سے ملنے بھارت سے کراچی آنے والی خاتون بھی واپس جانے پر مجبور ہوگئی، اپنے دکھی دل کے ساتھ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو میرا دل بھی بھرا اور مجھے واپس جانا پڑ رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بھیم پورہ میں واقع مشہور شیو مندر کے ساتھ گھر میں بھارت سے آئی ہوئی خاتون سرسوتی اپنے وطن واپس جانے پر افسردہ ہیں۔

40سال قبل شادی کرکے بھارت جانے والی سرسوتی نامی بھارتی خاتون 40 سال بعد اپنے بھائی سے ملنے کراچی آئی تھیں، لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے حالیہ تنازع کے باعث انہیں جلدی واپس جانا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز نے بھارتی خاتون سرسوتی سے ان کے خیالات اور کیفیت جاننے کی کوشش کی جس پر انہوں نے بتایا کہ جب مجھے اپنے بھائی کی طبیعت خرابی کا پتہ چلا تو پاکستان آنے کی کوشش شروع کردی لیکن ویزا بہت دیر سے ملا۔

ان کے بھائی نے بتایا کہ جب سے یہ پاکستان آئی ہیں ان کی پرانی سہیلیاں ہی ان سے ملنے آرہی ہیں اور ان کی سب سہیلیاں مسلمان ہیں، انہوں نے کہا کہ ابھی تو بہن سے دل بھر کے باتیں بھی نہیں کیں اور واپس جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کا بہت افسوس ہے۔

سرسوتی کا کہنا تھا کہ کہ میری خواہش ہےکہ دونوں ملکوں میں دوبارہ امن ہوجائے اور میں ایک بار پھر اپنوں سے ملنے پاکستان آؤں۔

بھارت سے آئی ہوئی خاتون سرسوتی کا اس طرح اچانک واپس جانا ان کو اور ان کے پاکستانی عزیز و اقارب کو بھی افسردہ کررہا ہے، لیکن وہ یہ امید لے جارہی ہے کہ اب آئندہ ایسے حالات نہ ہوں کہ کسی بہن کو اپنے بھائی سے ادھوری ملاقات کا غم نہ سہنا پڑے۔

مزید پڑھیں : مودی سرکار کی بے حسی، بچوں کے دل کے علاج کیلئے بھارت جانے والی فیملی پاکستان واپس پہنچ گئی

واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں بھارت میں موجود 12مختلف ویزہ کیٹیگریز کے پاکستانی شہریوں کو 28 اپریل تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا جبکہ میڈیکل ویزہ رکھنے والوں کے لیے آخری تاریخ 29 اپریل مقرر تھی۔

حکام کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں 250 سے زائد پاکستانی شہری اٹاری واہگہ بارڈر کے راستے بھارت چھوڑ چکے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں