کراچی: ناردن بائی پاس، بلدیہ رئیس گوٹھ میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سواروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کی خصوصی تجزیاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔
خصوصی ٹیم نے حادثے سے متعلق اہم شواہد اور معلومات حاصل کر لی ہیں، ٹریفک پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور غلط سمت پر ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔
ٹریفک ٹیم کے مطابق جس مقام پر حادثہ ہوا وہ موٹر وے کی حدود میں آتا ہے، حادثے کے مقام پر سڑکیں بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، موٹر سائیکل سوار افراد ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور ان کے پاس لائسنس بھی موجود تھے۔
موچکو پولیس نے فرار ٹرک ڈرائیور کی گاڑی کو تحویل میں لے کر حادثے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ جاں بحق سرکاری ملازم اشفاق کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل خطا اور غفلت سے ڈرائیونگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کراچی کی سڑکوں پر دندناتی ہیوی گاڑیوں نے مزید 2 افراد کو کچل ڈالا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔