جنوبی کوریا کے قانون سازوں نے انٹیلیجنس حکام کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ مین روس کی طرف سے لڑنے والے شمالی کوریا کے تقریباً 600 فوجی ہلاک ہوگئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل انٹیلیجنس سروس (این آئی ایس) کی ان کیمرہ بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قانون سازوں لی سیونگ-کیون اور کم بیونگ-کی نے صحافیوں کو بتایا کہ روس یوکرین جنگ میں شمالی کوریا کے اب تک تقریباً 4700 فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کے فوجی ’غائب‘ ہو گئے
قانون سازوں کا مذکورہ بیان شمالی کوریا کی طرف سے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں اپنے فوجیوں کی شمولیت کی پہلی بار تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے۔
سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں نارتھ کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا بیان شائع ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یوکرین کے قابضوں کو ختم کرنے، ان کا صفایا کرنے اور روسی مسلح افواج کے تعاون سے کرسک کے علاقے کو آزاد کروانے کیلیے فوجیوں کی تعیناتی کا حکم دیا۔
لی سیونگ-کیون اور کم بیونگ-کی نے صحافیوں کو بتایا کہ این آئی ایس کا اندازہ ہے کہ شمالی کوریا نے یوکرین کے خلاف جنگ میں مجموعی طور پر 15 ہزار فوجی تعینات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے نارتھ کوریا نے جنگ میں روس کی مدد کے بدلے اس سے جاسوسی سیٹلائٹس کے ساتھ ساتھ ڈرون، الیکٹرانک جنگی ساز و سامان اور SA-22 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں پر تکنیکی مدد حاصل کی ہے۔