کراچی: اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر فرار ہونے والا واٹر ٹینکر ڈرائیور گرفتار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر بائیک سوار نوجوانوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے حادثے کے مقام سے فرار ہو جانے والے ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
غلطی کس کی تھی؟
دریں اثنا، گزشتہ روز پیش آئے حادثے سے متعلق ٹریفک پولیس ٹیم (کے راٹ یونٹ) نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی مرتب کر لی ہے، یہ حادثہ موٹر سائیکل سواروں کی غلطی سے تنگ سڑک پر اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیش آیا تھا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے پاس لائسنس موجود نہ تھے، انھوں نے ہیلمٹ بھی نہیں پہن رکھے تھے، متاثرہ نوجوانوں نے تیز رفتاری سے واٹر ٹینکر کو اوور ٹیک کیا، اور دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرا کر ٹائر کے نیچے آ گئے۔
ٹریفک پولیس ٹیم کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرفتار واٹر ٹینکر ڈرائیور کے پاس درست لائسنس اور فٹنس سرٹیفیکٹ بھی موجود پایا گیا۔
رئیس گوٹھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ ٹریفک پولیس کی تجزیاتی ٹیم نے معلوم کر لیا
خیال رہے کہ ناردن بائی پاس، بلدیہ رئیس گوٹھ میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سواروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں بھی ٹریفک پولیس کی خصوصی تجزیاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کی ہے، خصوصی ٹیم نے حادثے سے متعلق اہم شواہد اور معلومات حاصل کیں، ٹریفک پولیس ٹیم کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور غلط سمت پر ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔