راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ آزمانا نہیں ہم تیار ہیں، جوابی کارروائی کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے، سیاسی مفادات کے حصول کے لیے بھارت دہشت گردی کرتا ہے۔
"ٹھوس شواہد ہیں بھارتی فوج کا افسر پاکستان میں دہشت گردی کا ہینڈلر ہے”
انہوں نے کہا کہ تاریخ خود بتاتی ہے کہ بھارت میں 25 سال پہلے کیا ہوا تھا، بھارت واقعات کو استعمال کرنے کے لیے ایک ہی طرز عمل پر کام کرتا ہے، ٹھوس شواہد ہیں بھارتی فوج کا افسر پاکستان میں دہشت گردی کا ہینڈلر ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس واقعے سے پہلے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پوسٹ کی گئیں جس میں کہا گیا پاکستان پر نظر رکھیں، واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے دہشت گردوں کو ہیرو بنا کر پیش کیا۔
"پلوامہ واقعے کو کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے میں استعمال کیا”
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جعفر ایکسپریس واقعے کی اے آئی فوٹیج جاری کی گئیں، بھارت میں سرینڈر کرنے والوں نے بتایا کہ بھارت کیسے انہیں اسپانسر کرتا ہے، پلوامہ واقعے کو کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے میں استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، اب دیکھ رہے ہیں پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدے پر استعمال کیا جارہا ہے۔
"بھارت میں قید پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹر میں قتل کیا جارہا ہے”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اطلاعات ہیں متعدد پاکستانی غیرقانونی طور پر بھارت میں قید ہیں، ان پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹر میں قتل کیا جارہا ہے جن سے متعلق کہا جائے گا کہ یہ دہشت گرد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں فیک انکاؤنٹرز کی تاریخ موجود ہے جس کی مثال نوجوان ضیا مصطفیٰ ہے، انہیں اکتوبر 2013 میں فیک انکاؤنٹر میں قتل کیا، اڑی کے رہائشی محمد فاروق اور محمد دین کو فیک انکاؤنٹر میں قتل کیا گیا۔
"بھارتی فوج کے افسر نے دہشتگرد سے کہا بلوچستان سے لاہور تک قتل عام دیکھنا چاہتے ہیں”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو سب جانتے ہیں وہ بھارتی فوج کا حاضر سروس افسر تھا، گزشتہ روز بھی ایک دہشت گرد کے بھارتی فوجی افسران کے ساتھ گٹھ جوڑ سے آگاہ کیا گیا، اس افسر کے دہشت گرد کو ہدایت دینے کا آڈیو کلپ موجود ہے جس میں کہا گیا کہ بلوچستان سے لاہور تک عام شہریوں کا قتل عام دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج پوری طرح کسی بھی محاذ پر ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوجی تصادم کا راستہ بھارت نے منتخب کیا تو یہ ان کی چوائس ہے اور آگے یہ معاملہ کہاں جاتا ہے یہ ہماری چوائس ہوگی۔