جمعہ, مئی 2, 2025
اشتہار

دریائے سندھ ہماری ثقافت کا حصہ، بچانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، بلاول

اشتہار

حیرت انگیز

میرپورخاص: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دریائے سندھ ہماری ثقافت کا حصہ ہے، بچانے کیلئے آخری حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر میرپورخاص کے عوام کا شکرگزار ہوں، عوام نے آج پھر ثابت کردیا کہ میر کا نہ پیر کا ووٹ صرف بےنظیر کا، عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تو ہم نے جمہوریت کو بحال کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہزاروں سال سے اس دھرتی پر ہم آباد ہیں، دریائے سندھ کو بچانے کیلئے ہم آخری حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نئی نہروں سے سندھ اور پنجاب کے کسان کا معاشی قتل ہونے جارہا تھا ہم نے روکا، زراعت کی ترقی سے متعلق نیا منصوبہ تیار کررہے ہیں جس کے 3 مرحلے ہوں گے، ایک بینظیر زراعت کارڈ ہے جس کے ذریعے چھوٹے کسانوں، ہاریوں کی مدد ہوگی

چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ چھوٹے کسانوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرینگے، چھوٹے کسانوں کا اتحاد بنائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے مدد کریں گے۔

چھوٹے کسانوں کا اتحاد بنتا ہے تو سندھ حکومت بھرپور تعاون کرےگی، بینظیرز راعت کارڈ شروع ہوگیا ہے ہم نے اس کو وسعت دینی ہے، چھوٹے کسانوں کا اتحاد بناکر جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے کام کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ تھرپارکر میں انقلاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے لائے ہیں، مثبت سیاست کریں گے، ایک سیاست ہوتی ہے جوشروع ہی نہ سے ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ منفی سیاست میں ہرچیز سے انکار کیا جاتا ہے لیکن ہم مثبت سیاست کریں گے، سندھ میں زراعت میں انقلاب لائیں گے اس کے بعد پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایک اور شخص ہے جس نے دریائے سندھ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی، گجرات کے قصائی مودی نے دریائے سندھ پر حملہ کیا ہے، عالمی سطح پر دریائے سندھ خطرے میں ہے تو عوام کھڑے ہوں گے اور دفاع کریں گے۔

ہم بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو نہ ماننے کے فیصلے کو نہیں مانتے، بھارت کو سمجھنا چاہیے پاکستان پرامن ملک اور اسلام پرامن دین ہے ہم جنگ نہیں چاہتے، جو دریائے سندھ پر حملہ کرے گا تو وہ پھر جنگ کی تیاری کرے۔

انھوں نے کہا کہ سندھو صرف دریا نہیں بلکہ ہماری ثقافت اور تاریخ ہے، بھارت کے عوام بھی دریائے سندھ سے پیار کرتے ہیں، بھارت کے عوام بھی جانتے ہیں دونوں ممالک کی تاریخ دریائے سندھ سے جڑی ہے۔

بلاول نے کہا کہ مودی کو اجازت نہیں دینگے کہ دریائے سندھ کا گلہ گھونٹے نہ بھارت کے عوام اجازت دینگے، دریائے سندھ کو بچانے کیلئے آخری حدتک جانے کیلئے تیار ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے۔

بھارت میں دہشتگردی ہوئی تو اسے پکڑو اور تختہ دارسے لٹکاؤ مگر پاکستان پرالزام کیسےلگایا، بھارت کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں سکھاتا ہے ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، ہم دہشت گردی سے لڑرہے ہیں اور آخری دم تک لڑتے رہیں گے، دہشتگردی بہانہ ہے اصل نشانہ ہمارا دریائے سندھ ہے، ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بلاول نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر مودی کے بھارت کو بےنقاب کردیں گے، پاک فوج تیار ہے اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہمیں زیادہ محنت کرنا ہوگی اور مودی کو بتانا ہوگا کہ پاکستان کے عوام پرامن ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پاکستان کے عوام پرامن ہیں لیکن دھمکیاں دی جاتی رہیں تو جنگ کیلئے بھی تیار ہیں، 9 مئی کو شہید بینظیرآباد ڈویژن میں جلسہ کریں گے، دریائے سندھ کو بچائیں گے، مودی کو للکاریں گے۔
آج مزدوروں کا عالمی دن منا رہے ہیں، مزدوروں کے عالمی دن پر قائد عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان میں قائدعوام نے مزدوروں کو حقوق دلوائے۔

انھوں نے کہا کہ جیسے ہی موجودہ حکومت آئی وہی سازشی عناصر سمجھے انھیں ایک موقع ملا ہے، ان سازشی عناصر نے سمجھا کہ اسلام آباد نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا فیصلہ کیا، یہ سازشی عناصر خوشیاں منارہے تھے کہ انھیں پیپلزپارٹی کی مخالفت کا موقع مل گیا۔

بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی کے سامنے جھکتی ہے نہ پیچھے ہٹتی ہے ہمیشہ اصولوں پر لڑتی ہے، پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی، پیپلزپارٹی کسی کے سامنے جھکتی ہے نہ جھکے گی، پیپلزپارٹی اصولوں پر کھڑے ہوکر لڑتے آرہی ہے اور لڑتی رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر نہروں کا منصوبہ نگراں حکومتی دور میں تیار کیا گیا تھا، عارف علوی صدر تھے اور ایک فیصلہ تھا ایکنک سے نہروں کی منظوری لی جائے، ارسا نے پانی سے متعلق کہا کہ دریائے سندھ پر نئی نہریں بنائی جاسکتی ہیں۔

پیپلزپارٹی نے ہر فورم پر سندھ کے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا اور نہروں پراعتراض اٹھایا، صدر آصف زرداری کی قیادت میں طے کیا تھا دریائے سندھ پر نئی نہریں نہیں بنیں گی۔

بلاول نے کہا کہ سیاسی یتیموں نے صدر آصف زرداری کو نشانہ بنانے کیلئے ان کیخلاف آواز اٹھائی، ایسے سیاسی یتیموں کی نہریں بنانے والوں کیخلاف آواز اٹھانے کی ہمت نہیں تھی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ مبارکباد دیتا ہوں نئی نہروں سے متعلق ہم نےمل کر دریائے سندھ کو بچایا ہے، یہ سیاست ہوتی ہے کہ پرامن طریقے سے اپنی گفتگو پر لوگوں کو قائل کرنا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کو قائل کیا کہ دریائے سندھ پر نئی نہریں نہیں بن سکتیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں