وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے پر بھارتی بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسر کی ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کویت اور پاکستان کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے، پاکستان نے عالمی برادری کو واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی توجہ 15 ماہ کے محنت سے حاصل معاشی فوائد، مستحکم کرنے پر مرکوز ہے، پاکستان کسی ایسی کارروائی کا متحمل نہیں ہوسکتا جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ کویت اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی، 152 ملین امریکی ڈالرز سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا، کویت کے سفیر نے پاکستان کے موقف کو آگاہ کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔