اداکار و میزبان سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی کا کہنا ہے کہ اہلیہ حرا کو سپورٹ کرتا ہوں تو لوگ زن مرید کہتے ہیں۔
اداکار مانی نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ ’ایکسکیوز می‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ یہ اپنی بیوی کو بہت زیادہ سپورٹ کرتا ہے یہ زن مرید لگتا ہے، ہونا چاہیے اس میں کیا برائی ہے، اگر میری بیٹی بھی ہوتی تو چاہتا تھا کہ وہ ایتھلیٹ بن جائے اور اپنے پیرو پر کھڑی ہو۔
مانی نے کہا کہ جن معاشروں میں خواتین مردوں برابر کام کرتی ہیں ان میں نہ لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں، نہ مالی مسائل ہوتے ہیں بلکہ خوشحالی ہوتی ہے، ہم نے زبردستی کا خاندانی سسٹم بنایا ہوا ہے کہ سب ساتھ مل کر رہیں گے، میں بہت پہلے بول چکا ہوں کہ یہ زبردستی کا سسٹم، اقدام جو ہے یہ وہ برصغیر کا مسئلہ ہے۔
اداکار نے کہا کہ ہم ویسٹرن نہیں اگر حرا نہیں ہوتی کوئی اور میری اہلیہ ہوتی اور اس میں ٹیلنٹ ہوتا تو میں اسے کرنے دیتا کیونکہ وہ یہ نہ کہے کہ میں نے کچھ کرنے نہیں دیا، میں چاہتا ہوں کہ کسی بھی لڑکی میں ٹیلنٹ ہے اسے آگے آنا چاہیے۔
مانی نے کہا کہ یہ بات والد صاحب سے مجھ میں آئی وہ خود اداکار تھے اور چاہتے تھے کہ بیٹی عائشہ بھی اداکارہ بنے، اس نے بھی تھیٹر میں اپنے زمانے میں اداکاری کی جب اس کی شادی ہوئی تو اس نے چھوڑ دیا، ہم یہ سلسلہ روکنا نہیں چاہتے اگر خاندان میں کسی لڑکی میں ٹیلنٹ ہے تو اسے روکنا نہیں چاہیے۔