بہاولپور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اے آر وائی نیوز بہاولپور کے نمائندے چوہدری سلیم کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور کے علاقے یزمان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران بجلی درخت پر گری جس کے نیچے چاروں افراد بیٹھے ہوئے تھے۔ واقعے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں آسمانی بجلی گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج
یاد رہے کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں گھر پر آسمانی بجلی گری تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی کے میٹر پر گرنے سے زوردار دھماکا ہوا۔
تیز بارش کے دوران بجلی گرنے سے مکان کی چھت اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔