اسلام آباد: خطے میں پاک بھارت بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان سفارتی محاذ پر سرگرم ہو گیا ہے، اور دوست ملکوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے ترک سفیر کی ملاقات ہوئی ہے، جب کہ اسحاق ڈار نے یونانی اور سوئٹزرلینڈ کے ہم منصب کو فون کیا، نائب وزیر اعظم نے انھیں پہلگام واقعے پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیر نے اہم ملاقات میں کہا کہ وہ پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، وزیر اعظم نے باور کرایا کہ پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنا بھارتی سازش ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کسی بھی قسم کا ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی گئی، اب اس نے جواب دینا ہے، اگر تحقیقات میں ترکیہ شامل ہوتا ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے، لیکن آج بارہواں روز ہے بھارت نے ابھی تک کوئی ثبوت نہیں دیا، دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کا رویہ بالکل غیر ذمہ دارانہ ہے، سیکیورٹی کونسل میں اس صورت حال پر بات کی جائے گی، یو این سیکریٹری جنرل سے بھی صورت حال پر رابطے میں ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی، پاکستان کا ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، زمین سے زمین تک مار کرنے والا ابدالی میزائل 450 کلومیٹر تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل تجربے کا مقصد آپریشنل تیاری یقینی بنانا، تکنیکی پیرا میٹرز کی توثیق کرنا تھا۔
جدید نیوی گیشن سسٹم سے لیس ابدالی میزائل چکما دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، صدر، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس، سروسز چیفس نے مبارک باد دیتے ہوئے قومی سلامتی کے تحفظ اور مؤثر دفاع کے لیے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔