ممبئی: پہلگام واقعے کے بعد بالی وڈ کی معروف اداکارہ وانی کپور نے مودی سرکار کے دباؤ میں آ کر فلم ’عبیر گلال‘ سے متعلق اہم قدم اٹھا لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وانی کپور نے پاکستانی فلم اسٹار فواد خان کے ساتھ اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی ’عبیر گلال‘ سے متعلق تمام تشہیری مواد سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دیا۔
فلم 9 مئی کو بھارت کے سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جانی تھی لیکن مودی سرکاری نے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کا جھوٹا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے اس کی ریلیز پر پابندی لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملہ: فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کے حوالے سے اہم خبر
آرتی ایس بگدی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے محبت کو تلاش کرنے والی اپنی منفرد کہانی کی بدولت خوب توجہ حاصل کی تھی۔
پہلگام واقعے کے بعد فلمسازوں نے ’عبیر گلال‘ کے گانوں، ٹیزر اور دیگر تشہیری مواد کو یوٹیوب سے ہٹا دیا تھا۔
دوسری جانب، مودی سرکاری نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک شہریوں کی رسائی بلاک کر دی ہے۔
انسٹاگرام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا کہ ہمیں اس مواد کو محدود کرنے کی ایک قانونی درخواست موصول ہوئی جس کا اپنی پالیسیوں کے مطابق اور قانونی و انسانی حقوق کا جائزہ لیا اور رسائی کو محدود کر دیا۔