اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے رافیل طیارے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب آئے تھے جنہیں افواج پاکستان نے جام کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی طیاروں آئے اور جب ہمارے طیارے پہنچے تو وہ بھاگ نکلے۔
اے پی پی کے مطابق 30 اپریل کو پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی سے مقبوضہ کشمیر میں پیٹرولنگ کرتے بھارتی رافیل طیارے فرار ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب مقبوضہ وادی میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیاروں نے پیٹرولنگ کی جس پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے دشمن کے جنگی جہازوں کی فوراً نشاندہی کی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ کا پہلگام واقعے کی عدالتی تحقیقات سے انکار
پاک فضائیہ کے طیاروں کی موجودگی دیکھ کر بھارتی طیارے بوکھلاہٹ میں فرار ہوگئے، افواج پاکستان بھارت سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
اس سے ایک روز قبل پاکستانی مسلح افواج نے ایل او سی پر دو بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹروں کو کامیابی سے مار گرایا تھا۔ بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں جاسوسی کر رہا تھا، مار گرایا جانے والا بھارتی کواڈ کاپٹر ’فینٹم فور‘ ہے۔