لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو اب انگریزی بولنا سکھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے 5 لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش ٹریننگ کا ہدف بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں مریم نواز کو اسکول ایجوکیشن کے موجودہ اور مجوزہ پروجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، اور بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 11 لاکھ آؤٹ آف اسکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ بنا ہے، 11 ہزار سے زائد اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی ہے، اور بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
راشن کارڈ کن افراد کو ملے گا؟ مریم نواز نے بتا دیا
وزیر اعلیٰ کی جانب سے اسکول منیجمنٹ کونسل کو 10 ارب کے فنڈ سے 90 دن میں ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، اور ایک سال کے اندر تمام اسکولوں میں درکار کلاس روم بنانے کا حکم دیا، انھوں نے اسکولوں کی 580 بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر و مرمت کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے اسکول میل پروگرام کا دائرہ کار دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسیع کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لیے نواز شریف اسکول آف ایمیننس بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ’’میں بچوں کی تعلیم کے لیے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں، اسکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘‘