کراچی: انٹرمیڈیٹ سائنس, آرٹس کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں، نقل میں ملوث طلبہ اور واٹس ایپ پر پرچہ اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جب کہ ہر پرچے میں مخصوص کوڈ شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، آج صبح کی شفٹ میں گیارویں جماعت پری انجئیرنگ ریاضی میں فیل ہونے والے طلبہ کا پرچہ لیا جائے گا۔
انٹرمیڈیٹ امتحانات کا پہلا مرحلہ 29 مئی تک جاری رہے گا، سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، ہوم اکنامکس کے امتحانات صبح 9 سے 12 بجے تک ہوں گے، سائنس جنرل کے امتحانات دوپہر کی شفٹ میں 2 سے 5 بجے تک لیے جائیں گے۔
امتحانات میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے، مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، اور 36 مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کے ذریعے نقل : چیئرمین بورڈ نے امتحانات سے قبل ہی انٹر کے طلبہ کو خبردار کر دیا
پرچہ آؤٹ ہونے سے روکنے کے لیے ہر پرچے میں مخصوص کوڈ شامل کیا گیا ہے، 16 سپر ویجیلینس ٹیمیں امتحانی مراکز کے دورے کر کے نگرانی کریں گی، موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور نقل کے مواد پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، نقل میں ملوث طالب علم کو 3 سال کے لیے نااہل قرار دیا جائے گا۔
دفعہ 144 کے تحت فوٹو اسٹیٹ دکانیں اور غیر متعلقہ افراد پر پابندی عائد ہے، جب کہ پرچہ آؤٹ کیے جانے اور نقل کی روک تھام کے خلاف ایف آئی اے سے مدد طلب کی گئی ہے، چیئرمین انٹربورڈ غلام علی نے خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ پر پرچہ اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ہنگامی صورت حال میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسیں تعینات ہوں گی، فرسٹ ایڈ کیمپس، فرسٹ ایڈ باکس اور ایمبولینس ہر امتحانی مرکز کے باہر موجود ہوں گے، جب کہ کمشنر آفس اور بورڈ آفس میں مانیٹرنگ سیلز قائم کر دیے گئے ہیں۔