راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات میں ملوث 20 ملزمان کو 6،6 ماہ قید بامشقت اور 50،50 ہزار جرمانہ کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے نو مئی فسادات کے 20 ملزمان کو سزا سنا دی۔ ملزمان کو چھ چھ ماہ قید اور پچاس پچاس ہزار روپے کی سزا سنائی گئی ہے۔
ملزمان کو سزا انسداد دہشت گردی کی عدالت کےجج امجدعلی شاہ نے سنائی، عدالت نے ملزمان کو حراست میں لیکر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردئیے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سزا پر عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کردیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزمان نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر منصوبہ بندی کے تحت ترنول اسٹیشن پرحملہ کیا، ملزمان نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت،کھڑکیوں ، دروازوں کو آگ ،توڑ پھوڑ کی تھی اور ترنول ریلوے اسٹیشن کے کمپیوٹر اور ریکارڈ کو بھی جلا دیا تھا۔
ملزمان نے دوران ٹرائل اقبال جرم کرلیا، ملزمان نے عدالت کے روبرو اقبالی بیان قلمبند کرائے۔ملزمان دو سال سے ضمانتوں پر تھے۔
ملزمان نے عدالت کے روبرو اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر حملہ اور بہکاوے میں آکر توڑ پھوڑ کی، مستقبل میں ایسے جرائم کا ارتکاب نہیں کریں گے۔
ملزمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے کوئی مالی یا قانونی معاونت نہیں کی،اپنے کیےپر پچھتاواہے، مزدور لوگ ہیں مزید مالی بوجھ برداشت نہیں کرسکتے استدعا ہے کہ سزاؤں میں نرمی کی درخواست کرتے ہیں۔
ملزمان کے خلاف ریلوے پولیس نے 10 مئی 2023 کو مقدمہ درج کیا تھا۔