واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا تیسری مدت کے لیے صدارتی امیدوار بننے کا ارادہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بہت لوگ چاہتے ہیں کہ میں تیسری مدت کے لیے صدارت کی دوڑ میں شامل ہو جاؤں، لیکن میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے صدر ٹرمپ از راہِ مذاق تیسری اور چوتھی مدت کے لیے بھی صدر بننے کا بیان دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی آئین میں دوسری عالمگیر جنگ کے بعد کی جانے والی 22 ویں ترمیم کے مطابق کوئی امریکی صدر دو مرتبہ صدر رہنے کے بعد تیسری مدت کے لیے صدارتی امیدوار نہیں بن سکتا۔
ہالی ووڈ تیزی سے مر رہا ہے، ٹرمپ نے بڑے ٹیرف کا حکم دے دیا
اتوار کو نشر ہونے والے انٹرویو میں این بی سی کے میٹ دی پریس ود کرسٹن ویلکر کو ٹرمپ نے بتایا ’’میں آٹھ سال کا صدر رہوں گا، دو بار کا صدر، میں نے اس کے بارے میں ہمیشہ سوچا، یہ بہت اہم ہے۔‘‘
یاد رہے کہ 78 سالہ ٹرمپ پہلے کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکی صدر کے طور پر تیسری یا چوتھی مدت کے لیے خدمات انجام دینے کے بارے میں ’’مذاق نہیں‘‘ کر رہے تھے۔ یعنی ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں سنجیدہ ہیں۔ تاہم بعد میں انھوں نے کہا کہ ان کے بیانات کا مقصد ’’جعلی نیوز میڈیا‘‘ کو ٹرول کرنا تھا۔
خیال رہے کہ ان کی کمپنی ’ٹرمپ آرگنائزیشن‘ کی جانب سے ’’ٹرمپ 2028‘‘ والی ٹوپیاں فروخت کی جا رہی ہیں، جس سے ان قیاس آرائیوں کو ہوا ملتی ہے کہ وہ جنوری 2029 میں اپنی دوسری میعاد ختم ہونے کے بعد پھر امیدوار بنیں گے۔