منگل, مئی 6, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس ختم : پاکستان کی بڑی کامیابی

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات میں تعاون کیلیے تیار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، اجلاس میں سلامتی کونسل کے 5مستقل سمیت 15 ارکان شریک ہوئے۔

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بےنقاب کردیا، پاکستان نے سلامتی کونسل کو بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کردیا۔

مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے علاقائی امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی یکطرفہ اقدام سے بھی ارکان کو آگاہ کیا۔

خصوصی اجلاس میں پاکستان نے پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا بھارتی الزام سختی مسترد کردیا، مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدام پر اراکین کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر پاکستان نے اپنا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا اور بھارت کے اشتعال انگیز بیانات سے متعلق سلامتی کونسل کو مؤثر طریقے سے آگاہ کیا۔

پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے یو این سیکیورٹی کونسل اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ
بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قوانین کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، پاکستان بارہا کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

پاکستان پہلگام واقعے کی شفاف، آزادانہ اور بین الاقوامی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہے کیونکہ بات چیت ہی امن کا واحد راستہ ہے۔

پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی الزام کی سختی سے تردید کرتے ہیں، سلامتی کونسل کو پاکستان کیخلاف بھارتی ڈس انفارمیشن مہم سے آگاہ کیا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ کونسل ارکان کو بھارت کے یکطرفہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے فیصلے پر بریفنگ دی ہے، بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ علاقائی امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لیا جائے۔

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ تنازع کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کو70سال سے زائد ہوگئے مگر تاحال حل طلب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدارامن کیلئے سلامتی کونسل کشمیر سے متعلق قرار دادوں پر عمل کرائے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ پانی، امن اور خود مختاری کو خطرہ ہوا تو پاکستانی عوام خاموش تماشائی نہیں بنیں گے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی زندگی ہے ہتھیار نہیں، یہ دریا24کروڑ سے زائد پاکستانیوں کو پالتے ہیں، دریاؤں کے بہاؤ میں خلل ڈالنے کی کوشش جارحیت تصور ہوگی، پاکستان اپنے مفادات اورخودمختاری کا تحفظ ہرقیمت پر کرے گا

عاصم افتخار نے کہا کہ دونوں ممالک سندھ طاس معاہدے پر عمل دآمد کے قانونی طور پر پابند ہیں، بھارت کو نہ روکا گیا تو ہردریا کے زیریں حصے کے ممالک خطرے میں ہوں گے، بھارت پہلگام واقعے پر صرف الزامات دہرا رہا ہے۔

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں