منگل, مئی 6, 2025
اشتہار

امریکہ سے واپس جانے والے تارکین وطن کو وظیفے کی پیشکش

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی غیر قانونی تارکین وطن خود سے ملک چھوڑنے پر آمادہ ہوا تو اسے ایک ہزار ڈالر معاوضہ دیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ وظیفہ ملک بدر کرنے کے اخراجات سے سستا ہے کیونکہ گرفتاری اور ملک بدری کا اوسط خرچ 17 ہزار ڈالر فی کس ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اُن غیر قانونی تارکین وطن کو 1ہزار ڈالر کا نقد وظیفہ اور سفر کے اخراجات فراہم کرے گی جو رضاکارانہ طور پر خود امریکہ چھوڑنے کا فیصلہ کریں گے۔

اس حوالے سے امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے ایسے تارکین وطن سے کہا ہے کہ اگر آپ یہاں غیرقانونی طور پر موجود ہیں تو گرفتاری سے بچنے کے لیے خود سے اپنے ملک واپس جانا ایک بہترین، محفوظ اور سب سے سستا طریقہ ہے۔‘

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی حکمتِ عملی کے تحت بعض صورتوں میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھی فراہم کیا جائے گا جو غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کے مقابلے میں کم خرچ ہوگی، کیونکہ کسی غیر قانونی مہاجر کو گرفتار کرنے، حراست میں رکھنے اور جبری طور پر ملک بدر کرنے پر اوسطاً 17ہزار ڈالر اخراجات آتے ہیں۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکا میں مقیم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کریں گے، لیکن اب تک ان کی انتظامیہ کی ملک بدری کی تعداد ان کے حریف جو بائیڈن کی انتظامیہ کے مقابلے میں کم رہی ہے۔

ڈی ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق 20 جنوری سے اب تک ٹرمپ انتظامیہ نے تقریباً 152,000 افراد کو ملک بدر کیا ہے، جبکہ پچھلے سال فروری تا اپریل کے درمیان بائیڈن انتظامیہ نے 195,000 افراد کو ملک بدر کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں