منگل, مئی 6, 2025
اشتہار

پاکستان نے سلامتی کونسل کو بھارتی ممکنہ فوجی کارروائی کی خفیہ اطلاعات سے آگاہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پاک بھارت کشیدگی پر ان کیمرہ اجلاس میں انڈیا کی جانب سے ممکنہ فوجی کارروائی کی خفیہ اطلاعات سے آگاہ کر دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ سلامتی کونسل کا پاک بھارت کشیدگی پر ان کیمرہ اجلاس ہوا جو پاکستان کی درخواست پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور بیانات پر بلایا گیا کیونکہ بھارتی اقدامات سے فوجی تصادم اور علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہوئے۔

ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ سلامتی کونسل کے اراکین نے بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل و بات چیت پر زور دیا جبکہ کئی اراکین نے مسئلہ کشمیر کو علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی، پاکستانی مندوب نے بھارت کے 23 اپریل 2025 کے اقدامات اور فوجی رویے کو خطرناک قرار دیا، انڈیا کے حالیہ اقدامات سے سنگین نتائج پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

’پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کیلیے مکمل طور پر تیار ہے اور جارحیت کی صورت میں یو این چارٹر کے تحت دفاع کا حق رکھتا ہے۔ پاکستان نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا بھارتی الزام مسترد کیا کیونکہ بھارتی الزام بے بنیاد، بغیر ثبوت اور سیاسی مقاصد کیلیے ہے۔ بھارت نے پہلے بھی ایسے حملے کشمیری جدوجہد بدنام کرنے کیلیے استعمال کیے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نمایاں کی گئیں جبکہ بھارت کی پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے خبردار کیا کہ دریاؤں کا بہاؤ روکنا جنگی اقدام تصور ہوگا، پاکستان نے یو این سیکریٹری جنرل کی ثالثی اور تناؤ کم کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا، سلامتی کونسل پر زور دیا گیا کہ وہ فوری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے، بھارت پاکستان تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا پرانا ترین معاملہ ہے، سلامتی کونسل تاحال مسئلہ کشمیر پر کارروائی کی ذمہ داری رکھتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں