راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھارت سے واپس بھیجے گئے دوبچوں کے علاج کی ذمہ داری اٹھالی، بچوں کے والد نے آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھارت سے واپس بھیجے گئے 2 پاکستانی بچوں کےعلاج کا ذمہ لے لیا۔
والد شاہد احمد نے بتایا کہ بھارت نے بچوں کو علاج کےبغیرواپس پاکستان بھیج کر غیر انسانی سلوک کیا ، آرمی چیف کا شکر گزار ہوں جنہوں نےمیرے بچوں کوفوری علاج کی سہولتیں دیں، اے ایف آئی سی راولپنڈی میں بچوں کا علاج امید سے بڑھ کر کیا جا رہا ہے، بچوں کے علاج کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں۔
اے ایف آئی سی ڈاکٹر محبوب سلطان نے کہا کہ ہمارے پاس 9سال کاعبداللہ اور 7سال کی منسا زیرعلاج ہیں ، دونوں بچےپیدائشی طورپر دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، بچوں کے دل میں سوراخ اور پھیپھڑوں کی نالیاں بھی کمزور ہیں۔
ڈاکٹر محبوب سلطان کا کہنا تھا کہ دونوں بچوں کی مرحلہ وار سرجری ہوگی ، اگلے چند دنوں میں پہلے مرحلے کی سرجری کو مکمل کیا جائے گا، میرےخیال میں ان بچوں کو علاج کیلئے باہر جانے کی ضرورت نہیں۔
بریگیڈئر ڈاکٹر خرم اختر نے بتایا کہ اے ایف آئی سی پاکستان آرمی کا "اسٹیٹ آف دی آرٹ” اسپتال ہے، جو بچے ہمارے پاس آتے ہیں، ان کے علاج کی ساری سہولتیں ہیں، یہ بچے پیچیدہ بیماری میں مبتلا ہیں کیونکہ پھیپھڑوں کی نالیاں چھوٹی ہیں، ہم ان بچوں کی مرحلہ وار سرجریز کریں گے، یہ علاج بین الاقوامی اصولوں ،معیار کےبالکل عین مطابق ہے۔