سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، ایسے میں حج سکیورٹی فورسز نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر مختلف اقسام کے وزٹ ویزا ہولڈرز 42 غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تمام افراد مکہ مکرمہ کے علاقے الھجرہ کی ایک غیرقانونی عمارت میں رہائش اختیار کئے ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق حج سکیورٹی فورسز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، انہیں پناہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ کیس قانونی سزاؤں کے لیے مجاز حکام کے پاس بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران وزٹ ویزا ہولڈرز کو رہائش فراہم کرنے کے حوالے سے بہت پہلے ہی خبردار کردیا تھا۔
سعودی عرب میں وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال بن الشلھوب کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پرمقرر کی جانے والی سزاؤں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ’آگاہی امن عامہ اور ڈیجیٹل میڈیا کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں بات کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ’حج کی ادائیگی کے لیے پرمٹ کی شرط لازمی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے بغیر جو بھی مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخل ہوگا یا وہاں قیام کرنے کی کوشش کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اسے قانون کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا، جس پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
سعودی عرب: مسجد الحرام میں عازمین حج کی آمد شروع
ترجمان وزارت داخلہ نے جعل سازوں اور فرضی حج خدمات کے حوالے سے اشتہاری مہم چلانے والوں سے ہوشیار رہنے کا کہا ہے، جو مشاعر مقدسہ میں رہائش اور حج قربانی کے حوالے سے بھی غلط اشتہاری مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرکے پیسے بنا رہے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے ’مکہ روٹ‘ کے عنوان سے جو اقدام کیا ہے وہ مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے‘۔