کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف لیزر لائٹس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق تمام ہوائی اڈوں کے اردگرد لیزر لائٹس کی فروخت اور استعمال دو ماہ کے لیے بند کیا گیا ہے۔
لیزر لائٹس سے جہازوں کی پرواز اور لینڈنگ کے دوران خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لیزر بیم سے پائلٹس کی بینائی متاثر ہوسکتی ہے جس سے ہوائی حادثات کا خدشہ ہے۔
پابندی کا اطلاع 6 مئی سے 5 جولائی 2025 تک جاری رہے گا، متعلقہ تھانوں کو خلاف ورزی کی رپورٹ پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر سائٹ ایریا اور کیماڑی کے اضلاع میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی۔
یہ نفاذ 24 جون تک موثر رہے گا، جس میں گرین بیلٹس، عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں پھینکے جانے والے ملبے پر پابندی بھی شامل ہے۔
مزید برآں کمشنر سید حسن نقوی نے کراچی میں بھاری ٹریفک کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی تھی، جس کے تحت سڑک حادثات کو کم کرنے کے لیے صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی تھی۔ پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں پر بھی ہوتا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں۔