اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی میں پاکستانی ہم منصب و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے پاکستانی ہم منصب و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ہے، وزیرخارجہ نے مارکو روبیو سے کہا گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھارت نے صورتحال کو مزید بڑھایا تو پاکستان نہیں رکے گا۔ بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ جیم، دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں
اس سے قبل اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حملوں میں ہمارے 35 افراد شہید ہوئے، جبکہ بھارت کے 80 ڈرونز گرائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے مزموم عزائم جاری تھے، نور خان، شور کوٹ، سکھر ایئرپورٹ پر حملے ہوئے ہیں،پاکستان جوابی کارروائی اپنے دفاع میں کررہا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت جارحیت سے باز نہیں آرہا، آج ہم نے ’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ آپریشن شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف امن کی بات اور دوسری طرف حملے، یہ بغل میں چھری، منہ میں رام رام والی بات ہے، ہم نے آپریشن شروع کردیا ہے، فتح ہماری ہوگی۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وہ بارڈر کی خلاف ورزی کریں گے تو ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں، بھارت نے پاکستان پر الزامات لگائے جو کہ اب تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔