اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف آج شام قوم سے خطاب کریں گے، جس میں قوم کو آپریشن بنیان مرصوص پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے آپریشن بنیان مرصوص پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم آج شام قوم سے خطاب کریں گے، جس میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کو حاصل ہونے والی کامیابیوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نےسیاسی راہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سیاسی قیادت کو آپریشن بنیان مرصوص پہ اعتماد میں لیا ، سیاسی قیادت نے مسلح افواج کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نےبھارتی جارحیت کاآج مربوط طریقےسےطاقتورجواب دیا، بھارت نے پاکستان پر میزائل اورڈرون حملےکیے، بھارتی جارحانہ اقدامات کےباوجودپاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج صبح دوبارہ بھارت نےنورخان ایئربیس اوردیگرمقامات پرمیزائل سےحملےکیے،بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کونشانہ بنایاگیا، بھارت کی ان پےدرپےکارروائیوں کاہماری بہادرافواج نےبھرپورجواب دیا۔
مزید پڑھیں : آپریشن بنیان مرصوص : بھارت کی کئی اہم فوجی تنصیبات اور بجلی کا نظام تباہ
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نےبھارت ان ملٹری تنصیبات کونشانہ بنایاجن سےپاکستان پرحملےکیےگئے، آج ہم نےبھارت کومنہ توڑجواب دیاہےاوربےگناہوں کےخون کابدلہ لےلیا، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔
یاد رہے پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب نماز فجر کی آذانوں کے ساتھ آپریشن بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص شروع کرکے دیا۔
پاکستان کے فتح 1میزائل سسٹم نے اہداف کو چن چن کر نشانہ بنایا اور دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ کرکے بھاری نقصان پہنچایا، جس کی ویڈیوز بھی جاری کردی گئیں۔
آدم پور ایئرفیلڈ کو تباہ کردیا گیا، آدم پور ایئر فیلڈ سے امرتسر میں سکھوں ،پاکستان ،افغاستان پر میزائل داغےگئےتھے۔
برنالہ اورپٹھان کوٹ ایئربیس بھی ملیامیٹ کردی گئی جبکہ سورت گڑھ اور بھٹنڈہ کی ایئرفیلڈز اور اکھنور کی ایوی ایشن بیس تباہ کردی ۔
پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی دفاعی نظام کے بھی پرخچے اڑادیے گئے، پاک فضائیہ کے جےایف 17 تھنڈر نے آدم پورمیں بھارت کا جدید ترین ایئر ڈیفنس سسٹم ایس 400سسٹم زمین بوس کردیا، اس سسٹم کی مالیت تقریباً 1.5 بلین ڈالر تھی۔
پاک فوج نے دشمن کی عسکری تنصیبات اور سپلائی لائن پر بھی کاری ضرب لگائی اور بھمبر گلی میں بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ بھی خاک میں ملادیا گیا۔
اڑی میں سپلائی ڈپو اور نگروٹا میں براہموس اسٹوریج سائٹ بھسم کردی گئی جبکہ دہرنگیاری میں آرٹلری گن پوزیشن ملیا میٹ کردیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ اور راجوڑی میں پاکستان میں دہشت گردی کرانیوالے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مراکز بھی صفحہ ہستی سے مٹادیے گئے۔