کیوی کرکٹر ڈیرل مچل نے پاک بھارت جنگ سے متعلق پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انھوں نے دونوں ملکوں کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر ڈیرل مچل نے امن کا پیغام دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ چند دنوں سے دو ایسے ممالک کے درمیان کشیدگی دیکھنا مشکل رہا ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہیں، میری دعائیں دونوں جانب کے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔
ڈیرل مچل نے پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیئر لیگ دونوں ٹورنامنٹس کو اپنے کیریئر میں سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے کیریئر میں دونوں لیگز اہم رہے ہیں اور میں نے ان دونوں ٹورنامنٹس کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔
کیوی کرکٹر نے کہا کہ میری دعاگوں ہوں کہ امن قائم ہوجائے اور ہم دوبارہ وہ کھیل کھیل سکیں جس سے ہمیں محبت ہے اور ہمیں دل سے سپورٹ کرنے والے مداحوں کو کچھ واپس دے سکیں۔
خیال رہے کہ یہ پیغام ڈیرل مچل نے متحدہ عرب امارات سے نیوزی لینڈ کے درمیان پرواز کے دوران یہ پوسٹ شیئر کی۔
آخر میں اپنی پوسٹ میں مچل نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ گھر واپس جاکر خاندان کے ساتھ وقت گزارنا خوشی کی بات ہو گی، لیکن میں مستقبل میں ایک بار پھر ان دونوں ممالک میں واپسی کا منتظر ہوں۔
خیال رہے کہ 4 دنوں کی لگاتار جنگ کے بعد گزشتہ دنوں 10 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔