کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ مئی کے شہدا کا جرم یہ تھا کہ وہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے تھے۔
سانحہ بارہ مئی کو 18 سال گزرنے پر بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر 12 مئی 2007 کو بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، سانحے کے شہدا کا خون آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رہے گا، کراچی کے عوام نے بارہ مئی کو آئین کی خاطر بڑی قربانی دی، جب کراچی میں درجنوں افراد کو شہید کیا گیا اور سیکڑوں کو زخمی کیا گیا، شہدا کا جرم یہ تھا کہ وہ تاریخ کے صحیح رخ یعنی آئین، عدلیہ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے تھے۔
چیئرمین پی پی نے کہا پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو سانحہ 12 مئی جیسے الم ناک واقعات کو دہرانے سے روکنا ہوگا، آگے بڑھنا ہے تو اس جیسے سانحات کو اجتماعی یادداشت سے بھی مٹنے سے روکنا ہوگا، پیپلز پارٹی شہدا کے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
آندھی اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
انھوں نے کہا پیپلز پارٹی خود دہائیوں پر محیط تشدد، قربانیوں اور شہادتوں کا سامنا کرتی آئی ہے، ہم سانحہ 12 مئی کے شہدا کو نہیں بھولے، نہ ہی قوم نے فراموش کیا ہے۔