میرٹھ: اترپردیش میں ٹریننگ کے دوران بھارتی فوج کا ایک ڈرون پراسرار حالات میں لاپتہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کی شام میرٹھ فوج کینٹ کے علاقے میں نگرانی اور تربیتی مقاصد کے لیے ڈرون کا تجربہ کر رہی تھی کہ اسی دوران ڈرون آسمان میں کہیں غائب ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈرون کا مانیٹر سے رابطہ اچانک منقطع ہونے کے بعد بھارتی فوجی حکام نے اسے ٹریس کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی حوالدار میجر ٹیکنیشن نے ڈرون کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس اسٹیشن میں جمع کروادی ہے، میجر ٹیکنیشن نے بھارتی پولیس کو بتایا کہ ڈرون کو کافی دیر تک تلاش کیا گیا لیکن وہ نہیں ملا۔
ریلوے روڈ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع 622 ای ایم ای بٹالین کے حوالدار میجر ٹیکنیشن دیپک رائے نے ڈرون کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ سٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب ڈرون کا تجربہ کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب ایس پی سٹی آیوش وکرم سنگھ نے کہا کہ ڈرون غائب ہونے کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور اس کی تلاش کے لیے پولیس ٹیم کو تعینات کر دیا گیا ہے۔