بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

’پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کیا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کیا۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے موقع پر قوم متحد ہو چکی ہے، قوم کا اتحاد برقرار رکھنے کیلیے بانی پر درج سیاسی مقدمات کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی بیانیے کو چاروں شانے چت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوگیا تو آپس میں بھی ہونا چاہیے‘

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوگیا تو آپس میں بھی ہونا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپس میں سیز فائر ہونا چاہیے تاکہ قوم میں یکجہتی، عمران خان اور اہلیہ کی رہائی ہو، لیڈروں کے مقدمات اور پکڑ دھکڑ ہمیشہ ہمیشہ کیلیے ختم ہونی چاہیے، اسمبلی میں بھی کہا تھا ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے رہنما کو مزید جیل میں نہ رکھیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ نے کرم نوازی کی بھارت کا غرور خاک میں ملا ہے، دعائیں قبول ہوئیں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا اور سنا بھارت نے محسوس بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے خود اعتراف کیا پاکستان نے 26 مقامات پر ٹارگٹ کیا، بھارتی ایئر فورس نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے رافیل جہاز کا کتنا نقصان ہوا۔

’پاکستان سے دنیا کے تعلقات اب تبدیل ہوں گے دنیا کا نظریہ تبدیل ہوگا۔ پہلی بار دنیا نے دیکھا کہ کسی مسلمان ملک نے اپنا لوہا منوایا۔ اسمبلی میں کہا تھا کہ پاک بھارت لڑائی، غزہ اور اسرائیل والی نہیں بلکہ بڑی مختلف ہوگی۔‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں