امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کے بعد قطر کے دورے پر پہنچ گئے ہیں دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے استقبال کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر ہیں۔ سعودی عرب کے بعد اب قطر پہنچ گئے ہیں۔ دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں قطر کے شاہی محل لایا گیا جہاں امریکی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس سے قبل دوحہ آمد پر جہاز میں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے مشرق وسطیٰ کے دورے کا مقصد اسرائیل کو سائیڈ لائن کرنا نہیں بلکہ ان کا یہ دورہ اسرائیل کے لیے بھی اچھا ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کی اہم بات شام سے پابندیاں ہٹانا ہے۔ ریاض میں شام کے عبوری صدر احمد الشراع سے ملاقات اچھی رہی ہے۔ سعودی عرب کی اچھی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ کرپٹو اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس میری اہمیت میں شامل ہے۔ چین آرٹیفیشنل انٹیلجنس میں پہلے ہی آگے نکل چکا ہے۔ اس سے قبل کہ وہ کرپٹو میں بھی آگے نکل جائے، ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ مشرق وسطیٰ کا آغاز سعودی عرب سے کیا ہے۔ وہ 13 مئی کو سعودی عرب پہنچے تھے۔ جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم دفاعی، اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے گئے جب کہ سعودی خلائی ایجنسی اور ناسا کے درمیان معاہدے بھی پر دستخط ہوئے۔
سعودی عرب اور امریکا غزہ میں جنگ روکنے کی ضرورت پر متفق
اس دورے کے دوران امریکا اور سعودی عرب نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ روکنے پر بھی اتفاق کا اظہار کیا۔