کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں فلموں سے متاثر ہوکر ملزم نے 7 سالہ بچے کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں جرائم پر مشتمل فلمیں دیکھنے کے بعد 17 سالہ ملزم نے 7 سال کے بچے ارمان علی کو بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق بچے کی جلی ہوئی لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی۔
والد نے بتایا کہ بیٹا گھر سے باہر نکلا اور کافی دیر تک نہیں آیا، جب وقت زیادہ ہوگیا تو محلے داروں اور قریبی لوگوں سے پوچھا لیکن کہیں نہیں ملا تو مزید پریشان ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بچے نے بتایا کہ پلاٹ میں ایک بچے کی لاش موجود ہے جب جاکر دیکھا تو ہمارا بیٹا ارمان علی ہی تھا۔
ملزم مشتاق حسین عرف مہدی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ مقتول بچے سے اس کی کسی قسم کی دشمنی نہیں تھی اور نہ یہ اسے جانتا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ بچے کو پتنگ اڑاتا دیکھا تو جوس پلانے کا کہہ کر خالی پلاٹ میں لے گیا اور چار دیواری میں قتل کردیا۔
ایچ ایس او کے مطابق ملزم نے بتایا کہ جرم چھپانے کے لیے لاش کو پیٹرول ڈال کر جلایا۔ مقتول بچے کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر والوں کی جانب سے صلح اور ملزم کو معاف کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔