احمد پورشرقیہ: ضلع بہاولپور کے شہر احمد پورشرقیہ میں ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں باپ بیٹا سیوریج کے گہرے کنویں میں گرنے سے جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق احمد پورشرقیہ کے نواحی علاقے بستی بھٹیاں میں سیوریج کے کنویں میں گر کر باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، ریسکیو حکام نے بتایا بیٹا کنویں میں گرا تو باپ بچانے کے لیے کنویں میں کود گیا۔
ریسکیو ٹیم نے کنویں سے باپ اور بیٹے کی لاشیں نکال لی ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ محمد قاسم اور 30 سالہ محمد آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سیوریج کا کنواں گھر کے باہر کھودا گیا تھا، بیٹا اس کی کم زور چھت پر کھڑا تھا کہ وہ اچانک ڈھ گئی، بیٹے کو بچانے کے لیے باپ نے بھی کنویں میں چھلانگ لگا دی۔
کراچی: کرکٹ کھیلتے ہوئے 2 بچے کنویں میں گر کر جاں بحق
ریسکیو حکام کے مطابق باپ اور بیٹا کنویں میں دھنس کر دم توڑ گئے، ریسکیو ٹیم نے لاشیں نکال کر ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں کراچی کے علاقے گارڈن میں 2 بچے کنویں میں گر گئے تھے، جنھیں بچانے کے لیے اندر جانے والے نوجوان سمیت دونوں بچے جاں بحق ہو گئے تھے، پولیس کے مطابق بچے کنویں پر رکھے ڈھکن پر اچھل کود کر رہے تھے کہ اچانک ڈھکن ٹوٹ گیا، کنویں کے اندر پانی موجود نہیں تھا۔