جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

’جنگ کے دنوں میں مریم نواز نے سب سے متحرک وزیر اعلیٰ کا کردار ادا کیا‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے متعلق بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کہنے کو تو آپ وزیر اطلاعات ہیں لیکن آپ کے پاس اطلاعات ہوتی اور نہ معلومات، آپ کو بنا بنایا بیان دیا جاتا ہے وہ آپ میڈیا کو جاری کر دیتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگ کے دنوں میں مریم نواز نے سب سے متحرک وزیر اعلیٰ کا کردار ادا کیا، انہوں نے پنجاب کے عوام میں جذبہ حب الوطنی جگایا، جب ڈرونز گر رہے تھے تو مریم نواز نے سول انتظامیہ کو متحرک رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سبزی کی دکان پر پہنچ گئیں

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور جنگ کے دنوں میں اڈیالہ جیل کے چکر کاٹتے رہے، جنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بھی کوئی بیان نہیں آیا، پوری پی ٹی آئی جنگ کے دوران منظر عام سے غائب رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اپنے ہی ملک اور فوج کے خلاف مہم میں مصروف رہا، آپ لوگوں میں رتی برابر شرم و حیا نہیں رہی، جب جب قوم متحد ہوتی ہے پی ٹی آئی دشمن کی صفوں میں کھڑی نظر آتی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اس جنگ نے بہت سارے چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے، قوم جان چکی پی ٹی آئی کس کا پروجیکٹ تھا ان کی وفاداریاں کس ملک کے ساتھ ہیں۔

10 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھارت کی بزدلانہ جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا دن کی روشنی میں دیا گیا جواب تاریخ میں لکھا جائے گا، پاک سرزمین کے سپاہیو! تمہارے جذبے، غیرت اور تمہیں سلام۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ سلام ہے ان محافظوں کو جنہوں نے صرف گولی سے نہیں بلکہ غیرت، حکمت اور شجاعت سے جواب دیا، آپریشن بنیان مرصوص تاریخی اعلان ہے کہ ہم کمزور نہیں صرف امن کیلیے خاموش تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے حد پار کی تو پاکستان نے صبر کو حکمت میں بدلا اور کڑی ضرب دی، پاکستان کا ایک ایک سپاہی مادر وطن کے تحفظ کی قسم کھا کر زندہ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں