راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے افغام باشندوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف نے 8 کارروائیوں میں 9 کروڑ سے زائد مالیت کی 116.36 کلو منشیات برآمد کی۔ پشاور میں حیات آباد میں ملزم سے 500 گرام 1000 ایکسٹیسی گولیاں اور پستول، حاجی کیمپ اور پشاور کے قریب ملزم سے 56 گرام 100 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ٹرک سے 15 کلو ہیروئن برآمد کر کے افغان باشندے کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: منشیات کی سپلائی، تعلیمی اداروں میں طلبا کو براہ راست اشیاء کی ڈیلیوری روکنے کا حکم
لاہور میں حافظ آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان سے 24 کلو چرس برآمد کی گئی، گوجرانوالہ کے قریب گاڑی سے 7.2 کلو افیون اور 10.8 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد میں جی نائن مرکز میں گاڑی سے 2.4 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان، ٹول پلازہ اسلام آباد میں گاڑی سے 43.2 کلو چرس اور 9.6 کلو افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اٹک کے قریب ایک اور کارروائی میں بس میں سوار ملزم سے 3.6 کلو چرس برآمد کی، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے اور تفتیش جاری ہے۔