معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، دن کا آغاز ملکی سلامتی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر بلند کیا گیا اور جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
خیبرپختونخوا بشمول ضم اضلاع میں تعینات پاک فوج کے جوانوں نے یوم تشکر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا، تقریبات میں عوام، عمائدین، سول اور عسکری شخصیات نے شرکت کی اور شرکا نے وطن عزیز کی سالمیت اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔
ننکانہ صاحب میں یوم تشکر کا آغاز خصوصی عبادات اور دعاؤں سے ہوا، ننکانہ صاحب کی تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جبکہ علما کرام نے پاکستان کی سلامتی، تعمیروترقی اور شہدا کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
یوم تشکر کے موقع پر ہیڈ کوارٹر ایف سی این اے میں قرآن خوانی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا مقصد پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے اجتماعی دعا کرنا تھا۔
تقریب میں شہدا کے بلندی درجات، ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگی گئیں، آزاد کشمیر میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر بھرپور ملی جذبے کیساتھ منایا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، معرکہ حق میں تاریخی فتح پر سجدہ شکر، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں۔