ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے، اغواء اور تشدد میں ملوث ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار کرلئے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اظہر اقبال، محمد اکرام اور یوسف علی کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے ہیں، ملزم اظہر اقبال کو چھاپہ مار کارروائی میں محلہ عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم نے شہریوں کو اٹلی ملازمت دلوانے کی غرض سے 60 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہریوں کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی لیکن شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کیا اور واپس آ گیا، شہری کے ہمراہ جانے والے اس کے بھائی اور سالہ تاحال لاپتہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں محمد اکرام کو وزیر آباد گجرانوالہ سے گرفتار کیا، ملزم نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 26 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہری کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، لیبیا پہنچنے پر ملزم نے شہری کو محصور کر لیا اور تاوان کا مطالبہ کرتا رہا۔
ملزم اس دوران شہری کو جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہا، 6 ماہ کے بعد شہری اغواء کاروں کے چنگل سے آزاد ہونے میں کامیاب ہو گیا اور پاکستان واپس آ گیا۔
جبکہ ملزم یوسف علی نے شہریوں کو ترکی ملازمت کا جھانسہ دے کر 18 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے متاثرین کو ترکی کے بجائے زمینی راستے سے ایران بھجوایا اور بعد ازاں ایران سے ترکی بارڈر پار کروانے کی کوشش کی۔
تاہم متاثرین نے غیر قانونی راستے سے ترکی جانے سے انکار کیا اور وطن واپس آگئے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔