اسلام آباد : پاکستان کا پہلا سکوک بانڈ لانچ کر دیا گیا، جس پر وزیر خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا پہلا سکوک بانڈ لانچ کر دیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ویڈیو لنک سے اجرا کی تقریب سے خطاب میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ گزشتہ روز بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار تیس ارب روپے کے گرین سکوک اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہوئے، اس رقم کو پانی کے اہم منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں یوم تشکر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں یوم تشکر کے موقع پر بہترین تیزی دیکھی گئی، اسٹاک مارکیٹ اور پاکستان دونوں کیلئے ابھی بہترین وقت آنا باقی ہے، جو ہم بجٹ میں کرنا چاہتے ہیں وہ ملکی معیشت کے اسٹریٹیجک سمت کی عکاسی کرے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور لندن میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں، دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے۔
انھوں نے بتایا بجٹ پر کام جاری ہے ، اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہو رہی ہے، اسٹیک ہولڈرز بجٹ تجاویز پیش کر رہے ہیں ، دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے لیکن ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے ماحولیاتی تبدیلی ایک خطرہ بن چکی ہے، ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے کے لیے فنانسنگ پر کام جاری ہے۔