ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

سعودی عرب: عراقی اور برونائی کے عازمینِ حج کی آمد شروع

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کے سلسلے میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں جمہوریہ عراق اور برونائی دارالسلام سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز عراق سے 192 بسوں کا قافلہ 4 ہزار عازمین کو لے کر عرعر کی نئی سرحدی چوکی پر پہنچا جہاں انکا بھرپور استقبال کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق عرعر کی نئی تعمیر ہونے والی سرحدی چوکی پر سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے کاونٹز کے علاوہ ضیوف الرحمان کے آرام کرنے کے لیے خصوصی ہالز بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ جس کا مقصد عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہے۔

محکمہ جوازات کی جانب سے اضافی عملے کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو امیگریشن کی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس کے علاوہ برونائی دارالسلام سے 260 عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر پہنچا جہاں ان کا بہترین استقبال کیا گیا۔

عازمین حج مدینہ منورہ میں چند دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ حج ایام تک قیام کریں گے بعدازاں فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے مشاعر مقدسہ روانہ ہو جائیں گے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ نے کہا ہے کہ حج 1446 ہجری کے لیے عازمینِ حج کی خدمت کے حوالے سے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رائل کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے ٹریکس کو کشادہ کیا گیا جبکہ ازدحام کو کنٹرول کرنے کیلیے بھی جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق حج آپریشنل پلان کے تحت ’مکہ بس‘ پروگرام کا بھی باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، جس کے تحت مکہ مکرمہ میں 400 بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو 12 راستوں کے لیے مخصوص ہیں۔

سعودی عرب میں حجاج کرام کی سہولت و سلامتی کے لیے مشاعر مقدسہ (وادی منی، مزدلفہ اور عرفات) میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا جن کے تحت مزدلفہ میدان میں ایک لاکھ 70 ہزار مربع میٹر پر مخصوص ٹریک تعمیر کیا گیا ہے جسے ’نرم راستے‘ کا نام دیا گیا ہے۔

عازمین حج کے لیے کونسی ویکسینز لگوانا لازمی ہے؟

اس کے علاوہ منی کی وادی میں امور صحت کے حوالے سے 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال جبکہ 71 طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں طبی عملہ ایام حج میں مستقل طورپر فعال رہے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں