آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کی تاریخ سامنے آ گئی ہےبجٹ کا حجم 20 ٹریلین روپے کے لگ بھگ ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کو وزارت خزانہ کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اگلے مالی سال 26-2025 کے لیے وفاقی بجٹ 2 جون کو پیش کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب یہ بجٹ پیش کریں گے اور اس بجٹ کا حجم 20 ٹریلین روپے کے لگ بھگ بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف مذاکرات میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی بجٹ ترجیحات کو درست قرار دے دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سبسڈیز، سرکلر ڈیٹ اور قرضوں کی ادائیگیوں سے متعلق امور پر بھی راضی ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل قومی اقتصادی سروے یکم جون کو پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل سالانہ منصوبہ بندی کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 26 مئی کو ہوگا جس میں بجٹ کے سالانہ اہداف کو طے کیا جائے گا۔
جب کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 31 مئی کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ یہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔